پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس میں 30فیصد تک اضافے کی تیاری کرلی

لاہور(سی این پی )محکمہ ایکسائز نے صوبہ بھر میں جائیدادوں کی ویلیو اسیسمنٹ شروع کر دی۔ پچھلے 5 برس میں کرایہ اور جائیداد کی مارکیٹ ویلیو میں 8 سے 35 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عوام پر پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز نے پنجاب بھر میں جائیدادوں کی ویلیو اسیسمنٹ شروع کر دی ہے۔پراپرٹی ٹیکس کی موجودہ شرح میں 25 سے 30 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹیکس نیٹ میں شامل یونٹس کی موجودہ ویلیو اسیسمنٹ کا آغاز کر دیا گیا اور اسے مدنظر رکھتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس کے موجودہ ویلیوایشن ٹیبل کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا۔محکمہ اس وقت لاہور میں کرایہ اور کمرشل جگہوں پر کیٹیگری کے حساب سے فی مربع فٹ میں پراپرٹی ٹیکس وصول کر رہا ہے۔ کیٹیگری اے میں ذاتی پراپرٹی پر 24 روپے، بی 16، سی 11.20، ڈی 8 جبکہ ای میں 6 روپے مربع فٹ کے حساب سے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ایف اور جی کیٹیگری کے علاقے لاہور سے باہر کے ہیں اور ان میں بالترتیب 3 اور 4 روپے کے حساب سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ کمرشل اور کرایہ پر دی گئی کیٹیگری اے کی جائیداد سے 120 روپے، بی 80، سی 56، ڈی 40، ای سے 32 روپے مربع فٹ ٹیکس لیا جا رہا ہے جبکہ ایف اور جی کیٹیگری سے بالترتیب 20 اور 15 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پچھلے 5 برس میں کرایہ اور جائیداد کی مارکیٹ ویلیو میں 8 سے 35 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب آئندہ مالی سال میں ٹیکس شرح کے ویلیوایشن ٹیبل کو ریوائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے پراپرٹی ٹیکس کے موجودہ شرح ٹیبل میں 25 سے 30 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل آفس میں اجلاس جاری ہیں اور پنجاب بھر میں ویلیو اسیسمنٹ کے بعد رپورٹ وزیراعلی کو بھجوا دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں