پاکستان سارک وزرا صحت ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کا خواہاں ہے ،شاہ محمود قریشی کا بھوٹانی ہم منصب کو ٹیلی فون

اسلام آباد (سی این پی )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے موثر انداز سے نمٹنے کیلئے علاقائی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے جمعرات کو بھوٹان کے اپنے ہم منصب ڈاکٹر ٹانڈی ڈورجی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کورونا وباء کے معاملہ پر جامع مشاورت کیلئے سارک وزرا صحت ویڈیو کانفرنس منعقد کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے عالمی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے معاشی مشکلات کے باعث ترقی پذیر ملکوں کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز دی ہے۔ دونوں وزرا خارجہ کے مابین کورونا وائرس کے پھیلا کی روک تھام اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالہ سے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے بھوٹان کی طرف سے بروقت اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے نے بھوٹان کے وزیر خارجہ کو اس عالمی وباء کے پھیلا ئوکو روکنے کیلئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے سارک کو انتہائی اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے، کورونا وائرس کی عالمی وباء سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ہمیں مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی، سارک ممبر ممالک کے مابین اس موضوع پر جامع مشاورت کیلئے پاکستان سارک وزرا صحت ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کا خواہاں ہے۔ بھوٹان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے مجوزہ سارک وزرا صحت ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کو احسن اقدام قرار دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے ہم نے تجویز دی ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری سٹرکچر کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے بروئے کار لا سکیں۔ ورلڈ بینک کے صدر اور آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے بھی اس حوالہ سے بات کی ہے جبکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بھی آئوٹ آف باکس سلوشن پر زور دیا ہے۔ بھوٹان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی کاوش کو بھرپور سراہا۔دونوں وزرا خارجہ نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ عالمی وبائی چیلنج کو سامنے رکھتے ہوئے سارک کوویڈ 19 ایمرجنسی فنڈ کا قیام سیکرٹری جنرل سارک کی سربراہی میں عمل میں لایا جائے اور اس فنڈ کے قواعد و ضوابط سے متعلقہ امور مشاورت سے جلد طے کئے جائیں۔ دونوں وزرا خارجہ نے اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں