لاہورسے جدہ جانے والی پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ

لاہور(سی این پی)جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز اڑان بھرتے ہی انجن میں فنی خرابی کے سبب تکنیکی بنیادوں پر واپس لینڈ کرگئی ، جہاز میں 130 مسافر سوار تھے۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے جدہ جانیوالی پرواز پی کے759کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اس کے انجن نمبر1میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے کے کاک پٹ میں فائر الارم بجنا شروع ہوگئے تھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے سبب طیارے کے انجن میں سے دھواں نکلناشروع ہوگیا تھا جس کے بعد کپتان نے حفاظتی اقدامات کے تحت کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرتے ہوئے طیارے کو واپس اترنے کی اجازت مانگی۔کنٹرول ٹاور نے صورت حال کا اندازہ کرتے ہوئے طیارے کو فی الفور ٹیکنیکل لینڈنگ کی اجازت دی جس پر کپتان نے طیارے کو بحفاظت اتار لیا، طیارے کے ایک انجن کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے ۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق طیارے میں فنی خرابی کے باعث اسے واپس اتارا گیا۔ مذکورہ پروازمیں 130سے زائد مسافر سوار تھے، پی آئی اے انتظامیہ نے بوئنگ777طیارے کو گراو نڈ کردیا گیا ہے اور انجن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے جدہ روانہ کر دیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں