پاک فوج کے جوان غلام رسول کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

بہاولنگر(سی این پی) حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان غلام رسول کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، نماز جنازہ میں فوجی اور سول افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان کی نماز جنازہ آبائی گائوں باغبان پورہ میں ادا کی گئی، شہیدکوفوجی اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپردِخاک کردیاگیا۔نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او ،عسکری حکام اوراہل علاقہ نے کثیر تعدادمیں شرکت کی اور وطن کی حرمت پر جان نچھاور کرنے والے جوان کو الوداع کہا،شہید غلام رسول کے لواحقین میں والد،والدہ،اہلیہ اور 2بچے شامل ہیں۔شہیدحافظ قرآن تھے اور انہوں نے 9سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیارکی تھی۔ غلام رسول کے والد احمد دین نے اس غم کے موقع پر کمال حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، 2بیٹے اور ہیں انہیں بھی پاک فوج میں بھیج کرملک کیلئے قربان کرناچاہتاہوں۔بھارتی فوج نے جمعرات کو جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں سپاہی غلام رسول شہید ہوگئے تھے۔ اسی مقام پر گزشتہ روز بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 33 سالہ حوالدار ناصر حسین بھی شہید ہوئے ۔گزشتہ روز ایک واقعہ شمالی وزیرستان میں بھی پیش آیا تھاجہاں پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ ہوئی، فائرنگ سے 23 سالہ سپاہی اختر حسین شہید ہوگیا۔سپاہی اختر حسین کا تعلق بلتستان سے تھا۔ واقعے میں جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور ہلاک ہوئے۔دوسرا واقعہ دیر میں ہوا جہاں سرحد پر باڑھ لگانے والوں پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، افغانستان کی جانب سے فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوئے۔شہدا میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔ 28 سال کے لانس نائیک سعید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، 31سال کے لانس نائیک محمد شعیب کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا جبکہ 22 سال کا سپاہی کاشف علی ضلع نوشہرہ کا رہائشی تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں