لاہور، نوجوان پر تشدد کرنے والے ڈولفن اہلکار معطل، انکوائری شروع

لاہور(سی این پی)آئی جی پنجاب کے سخت نوٹس کے باوجود شہریوں پر پولیس تشدد نہ رک سکا، کیولری پل پر ڈولفن اہلکاروں نے کاغذات نہ ہونے پر موٹرسائیکل سوار نوجوان پر تھپڑ برسا دئیے۔ آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جس کے بعد انکے خلاف انکوائری شروع ہو گئی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہریوں پر پولیس تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ کیولری پل پر ڈولفن اہلکاروں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تشدد کے واقعہ کی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی جس میں ڈولفن اہلکاروں کو موٹرسائیکل سوار نوجوانوں پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔موٹرسائیکل سواروں کا کہنا ہے کہ ڈولفن اہلکاروں نے موٹرسائیکل کے کاغذات نہ ہونے پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ تشدد کے بعد موٹرسائیکل سواروں کو تھانہ نصیر آباد میں بند کر دیا۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی ایسے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے معاملے کا نوٹس لے لیا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں، ملوث اہلکاروں کی معطلی کے بعد انکے خلاف انکوائری شروع ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں