لاک ڈائون کے دنوں کی انوکھی واردات، 3 گھنٹوں میں گھر کا مکمل صفایا

کراچی(سی این پی ) شہر قائد میں ایک طرف کرونا وائرس سے لاک ڈائون میں شہری پریشانی کا شکار ہیں، دوسری طرف ڈکیتوں نے واردات میں اطمینان دکھانے کی انتہا کر دی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی، پیدل آنے والے ڈکیت 3 گھنٹوں تک گھر میں رہے، اور شادی کے لیے جمع پونجی لوٹنے سمیت پورے گھر کا صفایا کر دیا۔پیدل ملزمان شہری اقبال کے گھر سے موٹر سائیکلیں، نقدی اور راشن بھی ساتھ لے گئے، شہری نے پولیس سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ 5 مسلح ملزمان رات 3 بجے گھر میں داخل ہوئے اور 6 بجے صبح واپس گئے، ملزمان نے کچن میں جا کر اطمینان سے چائے بھی خود بنا کر پی۔شہری کی درخواست کے مطابق انھوں نے بیٹے اور بیٹی کی شادی لاک ڈائون کی وجہ سے روکی ہوئی تھی، لیکن بدقسمتی سے یہ واردات ہو گئی اور ڈکیت شادی کے لیے جمع پونجی 1 لاکھ 30 ہزار بھی لوٹ کر لے گئے، بیٹی کا زیور اور ایک پلاٹ کی فائل بھی لے گئے، ملزمان گھر میں کھڑی 2 موٹرسائیکلیں اور ان کے غذات بھی لے گئے۔شہری اقبال کا کہنا تھا کہ گھر کے باہر کمرے میں چھوٹی سی دکان بھی بنا رکھی ہے، جہاں موجود راشن 2 بوروں میں ڈکیت ساتھ لے گئے، ملزمان 3 گھنٹے تک گھر کے اندر موجود رہے، اور انھیں کمرے کے اندر بند کر دیا گیا تھا، ایک ملزم نے موبائل فون چھینا اور زمین پر مار کر توڑ دیا، ملزمان نے کہا پولیس کو مت بتانا 2 روز بعد موٹر سائیکلیں واپس کر دیں گے، شہری کا کہنا تھا کہ ون فائیو پولیس تو آگئی لیکن تھانے کی پولیس تاحال نہیں پہنچی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں