کرونا وائرس ،پاکستان میں صحت یاب افراد کی تعداد 107ہوگئی،ظفر مرزا

اسلام آباد(سی این پی ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کروناوائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 107 ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ صورت حال پر مستقل نظر رکھے ہوئے ہیں،دنیا بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد9 لاکھ 54 ہزار 318 ہوگئی ہے جبکہ 48 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 291 ہے، پنجاب میں 845، سندھ میں 743، کے پی میں 276، بلوچستان میں 169،اسلام آباد میں 62، آزاد کشمیر میں9 اور گلگت بلتستان میں187 مریض ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار 16 افراد مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، 31 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، 9 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 107 ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں موجود 5 ہزار 634 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا تیزی سے پھیلائو جاری ہے، 26 فروری سے اب تک کے اعداد و شمار تشویش ناک ہوتے جا رہے ہیں، پہلے کیس سے ایک مہینے بعد یعنی چوبیس مارچ تک ایک ہزار کیس رپورٹ ہوئے۔ اس کے اگلے ہی ہفتے یہ تعداد دگنی ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں