وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گندم کٹائی مہم کا افتتاح کر دیا

روجھان(سی این پی)وزیراعلی پنجاب نے گندم کٹائی مہم کا افتتاح کر دیا، عثمان بزدار نے گندم کٹائی کیلئے ہارویسٹر خود چلایا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا رواں برس 45 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، کاشتکاروں سے 1400 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی، گندم خریداری کیلئے گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے، صوبائی وزرا تفویض کردہ اضلاع میں گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں گے، گندم خریداری مہم کے دوران 15 بین الصوبائی داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔عثمان بزدار نے کہا کاشتکار ہمارے محسن ہیں، گندم کے دانے دانے اور کاشتکار کی پائی پائی کا تحفظ کریں گے، کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے پرائم منسٹر زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پنجاب میں 300 ارب روپے کے پراجیکٹ لائے جا رہے ہیں، گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے ساڑھے 12 ارب روپے کی لاگت سے پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، رواں برس کاشتکاروں کو تصدیق شدہ بیج کی 4 لاکھ بوریاں رعایتی نرخ پر فراہم کی گئی ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا اگلی فصل کیلئے بیج کی 12 لاکھ بوریاں دیں گے، فصل بیمہ سکیم کا دائرہ کار بڑھا کر اڑھائی لاکھ کاشتکاروں کی فصل کی انشورنس کی گئی ہے، کاشتکار کی خوشحالی کیلئے پیداواری لاگت کم کرنا بے حد ضروری ہے، پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے 52 لاکھ کاشتکاروں کو کھادوں کی خریداری پر ساڑھے 8 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 28 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب میں 10 ہزار کھالوں کو پختہ کیا جا رہا ہے، حکومت پنجاب زرعی ترقی کیلئے مختلف سبزیوں، پھلوں اور اجناس کی 80 نئی اقسام متعارف کرا چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں