آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم کیلئے 4 اکتوبر کی تاریخ مقرر

اسلام آباد(سی این پی)میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز منطقی انجام کے قریب پہنچنے لگے۔ احتساب عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 4 اکتوبر کی تاریخ مقرر کر دی۔ احتساب عدالت میں جعلی بینک اکائونٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں۔ آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے ایک بار پھر جیل میں اے سی کا معاملہ اٹھا تے ہوئے کہا عدالت نے کہا تھا اے سی دیں لیکن نہیں دیا گیا، آپ نے کہا فریج دیں لیکن انہوں نے برف کے ڈبے دے دیئے۔اس موقع پر عدالت میں موجود فاروق ایچ نائیک نے کہا ہمیں ابھی تک ریفرنس کی کاپی بھی نہیں ملی جس پر جج محمد بشیر نے کہا ریفرنس کی نقول موجود ہیں، آپ کو ابھی دے دیتے ہیں، ریفرنس کی نقول کی تقسیم کے بعد آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز کی سماعت اب 4 اکتوبر کو ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں