نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کا محور اور تحریک انصاف کے ویژن کا عکاس ہے، راجہ بشارت

لاہور(سی این پی) وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات وعدے کے مطابق کرانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کی لوکل گورنمنٹ ٹرانزیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر تعلیم مراد راس، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سابقہ بلدیاتی نظام سے نئے بلدیاتی نظام میں منتقلی کے عمل پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احمد جاوید قاضی نے تفصیلی بریفنگ دی۔راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات پنجاب میں باقاعدہ ٹرانزیشن سیل قائم کیا گیا ہے جس میں چھ ورکنگ گروپ کام کر رہے ہیں۔وزیر قانون پنجاب نے ہدایت کی کہ حد بندی میں احتیاط کی جائے کہ کسی موضع کی سابقہ حدود تبدیل نہ ہوں، ٹرانزیشن کا کام شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے اور کابینہ کمیٹی کو باقاعدگی سے آگاہ کیا جاتا رہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق بلدیاتی انتخابات وعدے کے مطابق کرانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔راجہ بشارت نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کا محور اور تحریک انصاف کے ویژن کا عکاس ہے، نئے بلدیاتی نظام صوبہ بھر میں نچلی سطح پر حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں