پٹرولیم ڈویژن کا ملک بھر میں پٹرول کی مصنوعی قلت پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد(سی این پی)پٹرولیم ڈویژن نے ملک بھر میں تیل کی کمپنیوں اور پٹرول ڈیلرز کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک بھر میں پٹرول وافر مقدار میں موجود ہے۔ ریفائنریز کی طرف سے اضافی پروڈکشن بھی جاری ہے جبکہ ماہانہ ضروریات پوری کرنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت درآمدات بھی شیڈول کر لی گئی ہیں۔پٹرولیم ڈویژن کے بیان کے مطابق بدقسمتی سے کچھ تیل کی کمپنیاں اور ان کے ڈیلرز منافع خوری کیلئے تیل کی مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں جس سے صارفین کی زندگیوں پر برے اثرات پڑ رہے ہیں۔ڈویژن نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)سے مطالبہ کیا ہے کہ تیل کی ان کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے جو ضروری ذخائر سے محروم ہیں یا جن کے پمپس خشک نظر آتے ہیں۔مطالبہ کیا گیا ہے کہ اوگرا ان آئل ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کرے جو اپنی متعلقہ تیل کی کمپنیوں سے مناسب مقدار میں تیل نہیں لے رہے جبکہ پٹرولیم ڈویژن کو بھیجی جانے والی تمام معلومات اورشکایات اوگرا کو فراہم کی جا رہی ہیں۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تیل کی 6 کمپنیوں کو شو کاز نوٹسز جاری کردئیے ہیں جبکہ پٹرولیم ڈویژن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تیل کی مصنوعی قلت کے ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔مصنوعی قلت کے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جبکہ اوگرا کسی بھی ایسی کمپنی کا لائسنس منسوخ یا معطل کردے گا جو ناجائز منافع خوری میں ملوث پائی گئی۔دوسری جانب پٹرولیم ڈویژن نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)کو ہدایت دی ہے کہ اپنی درآمدات اور فراہمی میں اضافہ کرے جبکہ ریفائنریز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تیل کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں