وفاقی و صوبائی ترقیاتی بجٹ میں 18 فی صد کمی ہوگی، ذرائع

اسلام آباد(سی این پی)آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی و صوبائی ترقیاتی بجٹ میں 18 فی صد کمی ہوگی، سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 1413 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے اضافی 100 اور 630 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، جب کہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ 14 فی صد کمی کے ساتھ 783 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں مجموعی ترقیاتی فنڈز کا حجم 1600 ارب تھا۔آئندہ مالی سال کے لیے جی ڈی پی کا ہدف 2.3 تجویز کیا گیا ہے، رواں سال جی ڈی پی گروتھ 3 فی صد ہدف کے مقابلے میں منفی 0.4 رہی، زرعی شعبے کا ہدف 2.9، صنعتی شعبے کا ہدف 0.1 فی صد مقرر کرنے کی تجویز ہے۔سروس سیکٹر کا ہدف 2 اعشاریہ 8 فی صد رکھنے، تجارتی خسارے کا ہدف 7.1 فی صد مقرر کرنے، کرنٹ اکائونٹ خسارے کا ہدف 1.6 فی صد کرنے کی تجویز ہے، آئندہ مالی سال کے دوران مہنگائی کی رفتار میں کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، مہنگائی 11 سے کم ہو کر 6.5 فی صد ہو جائے گی، حکومتی غیر ترقیاتی اخراجات بھی کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔آئندہ مالی سال سبسڈی کو مزید ٹارگٹڈ بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے، وسائل کی قلت کے باعث رواں سال 1200 ارب تک خرچ ہونے کا امکان ہے، متعدد اداروں کے ترقیاتی فنڈ میں کمی کی تجویز بھی دی گئی ہے، وفاقی ڈویژن اور وزارتوں کے ترقیاتی بجٹ 50 ارب کمی سے 371 ارب کیا جائے گا، ریلوے کے لیے 24 ارب، پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے لیے 23 ارب کی تجویز دی گئی ہے۔وزارت خزانہ کا ترقیاتی بجٹ 84 ارب سے کم کر کے 50 ارب مختص کرنے، کابینہ ڈویژن کا ترقیاتی بجٹ 40 ارب سے کم کر کے 37.5 ارب کرنے، اعلی تعلیم کمیشن اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے لیے بجٹ موجودہ سطح پر برقرار رکھنے، وزارت صحت کا بجٹ 30 کروڑ اضافے سے 14 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے لیے بجٹ 7.6 ارب سے کم کر کے 5 ارب کرنے، وزارت تحفظ خوراک کے لیے 12 ارب مختص کرنے، وزارت صنعت کے لیے 80 کروڑ روپے مختص کرنے، اراکین پارلیمنٹ کی اسکیموں کے لیے 24 ارب مختص کرنے، سابق قبائلی علاقوں کے لیے مجموعی طور پر 50 ارب مختص کرنے، داسو ڈیم کے لیے 80 ارب، دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے 21 ارب مختص کرنے، این ایچ اے کا بجٹ 155 ارب سے کم کر کے 110 ارب اور بجلی کے منصوبوں کے لیے پیپکو کو 35 ارب دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں