چینی 70 روپے فی کلو فروخت کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہوگا، عبدالعلیم خان

لاہور(سی این پی)وزیرخوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں چینی 70روپے فی کلو فروخت کے فیصلے پر مکمل عمل درآمدہوگا، پنجاب میں انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اپنے ایک تازہ بیان میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے چینی کی قیمت میں کمی کی جارہی ہے، کسی کو بنیادی اشیائے خورونوش میں بے جا اضافہ نہیں کرنے دیں گے، پٹرول کے بعدچینی کی قیمتوں میں واضح کمی خوش آئند ہے، چینی کے نام پر ناجائز منافع کمانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی چینی کی قیمتوں میں کمی کو سراہنا چاہیے، چینی کی طرح آٹے کی قیمتیں بھی مستحکم رکھنے کی کوشش کریں گے، جہاں کہیں خلاف ورزی ہوئی انتظامیہ سخت کارروائی کرے گی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں 6 شوگرملز کی انتظامیہ کو خط لکھ دیا۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ شوگرملز 70روپے کلو چینی فروخت کریں، شوگرملز ریٹیل شاپس اور یوٹیلٹی اسٹورز کو 70روپے کلو چینی فراہم کریں، کے پی حکومت نے ڈی آئی خان، پشاور اور مردان کی شوگرملز کو خط ارسال کیے۔واضح رہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن حکومت کو 60 ہزار ٹن چینی 70 روپے کلو پر فراہمی کی پیش کش کرچکی ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن کے نام ایک خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ حکومت عوام تک چینی پہنچانے کے لیے اقدامات کرے۔یاد رہے کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کو 10 دن کے لیے شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا اور آئندہ سماعت تک ملک میں چینی 70 روپے کلو بیچنے کا حکم بھی دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں