تاجران راولپنڈی کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، راجہ سکندر محمود

راولپنڈی(سی این پی)تاجران راولپنڈی کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،کاروبار کی بندش سے نہ صرف تاجران بلکہ ان کے ملازمین بھی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں،ان خیالات کا اظہارسرپرست انجمن تاجران سکستھ روڈ راجہ سکندر محمود نے راولپنڈی کے تاجران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے تاجران سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ تمام تاجر اور دکانوں کے سامنے روزگار کے لئے بیٹھے ٹھیلے والے ہمارے بھائی ہیں،ہمیں مل کر جدوجہد کرنی ہے تاکہ اس بحران سے نکل سکیں اور سب کے گھروں کے چولہے جل سکیں،اس لئے آپ سب کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنیکے لئے کوشاں ہیں،راجہ سکندر محمود نے تاجران سے گزارش کی کہ حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں تاکہ کرونا سے بچائو بھی ممکن ہو سکے۔

تاجران کے نمائندوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی وجہ سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہو چکا ہے،اب تو نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا بھی مشکل ہے۔اگر حکومت لاک ڈائون کے دوران کاروبار کی اجازت نہیں دے گی تو سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا،انجمن تاجران نے مسائل حل کروانے کی کوششوں پر شکیل چوہان اور سرپرست انجمن تاجران راجہ سکندر محمود کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور دکانداروں کی جانب سے ایس او پیز پر بھر پور عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی،اس موقع پر مرکزی صدر راولپنڈی شر جیل میر،ملک حامد ، نیاز خان،شیخ ابرار ،نوید عباسی،عابد عباسی،واحد عباسی اورالیاس عباسی نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں