سی پیک سے متعلق بڑی خبر، عاصم سلیم باجوہ کا اہم ٹوئٹ

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)نے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹ میں کہا کہ آج آزاد پٹن ہائیڈل پراجیکٹ پر دستخط کی تقریب ہوگی، وزیر اعظم عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے، اس تقریب میں آزاد پٹن منصوبے کے لیے چائنا گزھوبا کے ساتھ معاہدہ طے پائے گا، اس منصوبے پر ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔دو دن قبل اپنے ٹوئٹ میں چیئرمین پاک چین اقتصادی راہداری لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر جاری ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر گوادر کے تمام منصوبے جلد مکمل کرنے اور لانچ کرنے کے لیے ہم پر عزم ہیں، میگا ایئرپورٹ پر 230 ملین ڈالر لاگت آئے گی، گوادر پورٹ اور شہر کے لیے یہ منصوبہ اہم ثابت ہوگا۔عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی منصوبوں کے ثمرات عام پاکستانی تک پہنچائیں گے، سی پیک منصوبہ پاک چین آہنی دوستی کا مظہر ہے اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے پاک چین راہداری منصوبے کو مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، اقتصادی راہداری سماجی و معاشی ترقی سے متعلق بہترین منصوبہ ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں