وزیراعظم کی تعمیراتی شعبے سے متعلق حکومتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے سے متعلق حکومتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید موثراور جامع حکمت عملی کے لئے روڈ میپ پرمبنی پلان طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی ہائوسنگ تعمیرات کااجلاس ہوا، جس میں 13رکنی نیشنل کورآرڈینشن کمیٹی نے شرکت کی جبکہ معاشی ماہرین ، گورنراسٹیٹ بینک اورصوبوں کے اعلی حکام کی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں کم لاگت والے گھروں سے متعلق رابطہ کاری اورسہولت کاری پر غور کیا گیا اور ہائوسنگ کے جاری منصوبوں میں پیشرفت پروزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے سے متعلق حکومتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید موثراور جامع حکمت عملی کے لئے روڈ میپ پرمبنی پلان طلب کرلیا۔یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے رابطہ کمیٹی ترقی و تعمیرات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں ایک گھر پر تقریبا 3 لاکھ کی سبسڈی دی جائے گی، بینک سے جو قرضہ لیا جائے گا، 5 مرلے کے گھر پر5 فیصدسود دینا ہوگا، پہلے مرحلے میں 10 مرلے کے گھر کے لیے 7 فیصد سود دینا ہوگا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بینکوں کو کہا ہے کہ 5 فیصد پورٹ فولیو صرف تعمیرات کے لیے رکھیں، مجموعی طور پر یہ رقم 330 ارب روپے بنتی ہے، قومی رابطہ کمیٹی کا مقصد ہوگا بینکوں کے ساتھ جو رکاوٹیں ہوں گی انہیں دور کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ تعمیرات سے متعلق ون ونڈو آپریشن کردیا ہے، ہر صوبہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے کام چلائے گا، ایک ویب پورٹل بنائیں گے محکموں میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی جس سے وقت کی بچت ہوگی، بھاگ دوڑ میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پروجیکٹ صرف اسی سال کے لیے رکھا ہے، تعمیرات میں جو بھی سرمایہ کاری کرے گا اس سے پوچھ گچھ نہیں ہوگی، ہمیں اس پروجیکٹ کے لیے 31 دسمبر تک وقت ملا ہے، لوگوں سے کہتا ہوں 31 دسمبر تک جتنی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں کریں، کبھی کسی حکومت نے عام لوگوں کو گھر بنانے کے لیے ایسی آسانی پیدا نہیں کی، عوام بھی ہائوسنگ پروجیکٹ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔خیال رہے وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے سے متعلق13رکنی نیشنل کورآرڈینشن کمیٹی تشکیل دی تھی، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمیٹی کے کنوینر ہیں، کمیٹی وزیراعظم عمران خان کو منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں