گیم آف تھرونز کھیلنے کا ارادہ نہیں، چین کی امریکا کو سخت وارننگ

نیویارک(سی این پی) چین کے وزیر خارجہ نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کا گیم آف تھرونز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے امریکا کی جانب سے اس کے تجارتی ماڈل پر تنقید پر سخت رد عمل دیتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ سمیت چین کی خودمختاری کا احترام کرے جب کہ چین کا عالمی سطح پر گیم آف تھرونز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقاتوں کے دوران چینی وزیر خارجہ نے سخت رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ بیجنگ تجارت سمیت کسی دھمکیوں کے آگے نہیں جھکے گا۔چینی وزیر خارجہ نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ آئندہ ماہ تجارت پر ہونے والے مذاکرات سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔چین کے وزیر خارجہ نے دنیا کی دو بڑی معاشی قوتوں کے درمیان ٹکرا ئوسے گریز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں دنیا کے استحکام اور باہمی مفادات کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر چین کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا بیجنگ کے تجارتی عمل کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرے گا اور وہ تجارت پر چین کے ساتھ کوئی بڑی ڈیل بھی قبول نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں