معروف شاعر راحت اندوری کورونا کے باعث چل بسے

اندور (سی این پی) ہندی اور اردو زبان کے معروف بھارتی شاعر 70 سالہ راحت اندوری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اندور ہسپتال کی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ راحت اندوری کارڈیو ریسپائریٹری اریسٹ سے انتقال کرگئے۔انتظامیہ نے بتایا کہ راحت اندوری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، ان کے گردے فیل تھے، وہ ٹی 22 ذیابیطس، فشار خون کا شکار تھے اور ان کی بائیں آنکھ کالے موتیا سے متاثر تھی اور موت سے قبل وہ وینٹی لیٹر پر تھے،راحت اندوری بھارت کی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں ایک مل مزدور رفعت اللہ قریشی کے ہاں پیدا ہوئے اور ان کا اصلی نام راحت قریشی ہے اور انہوں نے کم عمری می ہی شاعری کرنا شروع کی۔ راحت اندوری کی نظم، غزل اور مختلف اشعار کی متعدد کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور انہوں نے 40 سے زائد بولی وڈ فلموں کے لیے درجنوں مقبول گیت لکھے۔راحت اندوری کو بھارت میں عصر حاضر کا شاعر بھی کہا جاتا ہے اور وہ بھارت میں اقلیتوں اور خصوصی طور پر مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر بھی شاعری کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ راحت اندوری میں گزشتہ چند دن سے کورونا کی ہلکی علامات تھیں اور ٹیسٹ کرانے پر ان میں وبا کی تشخیص ہوئی تھی۔جبکہ آج انہیں کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا،اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا ۔ رپورٹ میں ہسپتال کے ڈاکٹر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ راحت اندوری میں کورونا سمیت نمونیا بخار کی بھی تشخیص ہوئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں