ایمنسٹی انٹرنیشنل کا یورپین قیادت سے بھارت کیخلاف ایکشن کا مطالبہ

بنگلور(سی این پی) ایمنسٹی انٹرنیشنل کے یورپین آفس نے بھارت میں دفاتر بند کرنے پر یورپین قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ خاموشی کا نہیں بلکہ موقف اختیار کرنے کا وقت ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ایمنسٹی انٹرنیشنل ای یو نے یورپین قیادت سے بھارت کیخلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔یہ مطالبہ ایمنسٹی کے یورپین آفس نے بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنے کی پاداش میں بند کیے گئے ایمنسٹی انڈیا کے دفتر کے واقعے کے تناظر میں یورپین قیادت سے کیا۔یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین، یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل، یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور بھارت میں موجود ای یو مشن کو مخاطب کرتے ہوئے ایمنسٹی ای یو نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ یورپین یونین طویل عرصے سے عمل کے میدان سے غائب ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ بھارت میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں حملے کی زد میں تھیں، اب ایمنسٹی انڈیا دو سال کے مسلسل کریک ڈائون اور اپنے بینک اکائونٹس کو مکمل طور پر منجمد کرنے کے بعد اپنا کام روک رہا ہے، پیغام کے آخر میں کہا گیا ہے کہ یہ موقف اختیار کرنے کا وقت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں