لاہور، حفیظ سنٹر میں خوفناک آتشزدگی، متعدد دکانیں جل کر راکھ، کروڑوں کا نقصان

لاہور(سی این پی)لاہور کے علاقے گلبرگ میں حفیظ سنٹر میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں، تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ ریسکیو کی آگ بجھانے کے لئے امدادی کارروائیوں کے دوران پانی ختم ہونے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔لاہور کی موبائل فون اور کمپیوٹر مارکیٹ حفیظ سنٹر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ دوسری منزل پر صبح 6 بجے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازے کو لپیٹ میں لے لیا۔ تاجروں کا کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ریسکیو کی 22 اور فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں ریسکیو آپریشن میں مصروف رہیں جن میں لاہور، قصور اور شیخو پورہ کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں کو آگ بجھانے کے لیے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے 80 سے زائد دکانیں متاثر ہوئیں، متعدد جل کر راکھ ہو گئیں۔ تاجر اپنا سامان بچانے کے لئے پلازے میں گھس گئے اور متعدد دکاندار چھت پر محصور ہوکر رہ گئے۔ ریسکیو نے سنارکل گاڑیوں کی مدد سے پھنسے ہوئے تاجروں کو نکالا، تاجر اپنے کاروبار اور جمع پونجی جلتے دیکھ کر غمگین ہوگئے اور الزام لگایا کہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے بروقت کارروائی نہ کرنے پر نقصان زیادہ ہوا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی، کمشنر لاہور نے تحقیقات کے لئے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں