گندم کی فی من امدادی قیمت میں اضافے کا امکان

اسلام آباد(سی این پی)ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کی فی من امدادی قیمت میں آج اضافہ کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں مشیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوگا، جس میں 2 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں گندم کے دستیاب ذخائر کا جائزہ لیا جائے گا، گندم کی فی من امدادی قیمت میں اضافے کی سمری بھی پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق گندم کی فی من امدادی قیمت میں 345 روپے تک اضافے کا امکان ہے، جس سے فی من قیمت 14 سو روپے سے بڑھ کر 17 سو 45 ہو جائے گی۔خیبر پختون خوا نے گندم کی 18 سو روپے امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز دی ہے، جب کہ پنجاب کی جانب سے گندم کی فی من قیمت ایک ہزار 650 روپے مقرر کیے جانے کی تجویز ہے۔ذرائع نے کہا ہے کہ بلوچستان نے 17 سو 45 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز دی ہے تاہم سندھ نے فی من گندم کی امدادی قیمت کے لیے کوئی تجویز نہیں دی۔گندم کی امدادی قیمت کے علاوہ اجلاس کے ایجنڈے میں زیرو ریٹڈ سیکٹر کے لیے بجلی وگیس کی رجسٹریشن سے متعلق سمری بھی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں