ایف اے ٹی ایف میں سعودیہ کی پاکستان مخالف ووٹ دینے کی خبر جھوٹی ہے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(سی این پی)ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مخالفت میں ووٹ دینے کی خبر جھوٹی ہے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے تمام علاقائی اور عالمی معاملات میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔زاہدحفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مخالفت کرنے کی خبر جھوٹی ہے، ایف اے ٹی ایف، پاکستان کے بارے میں اپنا جائزہ پلینری میٹنگ کے بعد پیش کرے گا۔آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی آذربائیجان کے ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں وزیر خارجہ نے نگورو کاراباخ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے ٹیلی فونک گفتگو میں نگورو کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کے موقف کے مکمل تائید کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں