امریکا میں کورونا کیسز ایک کروڑ سے بڑھ گئے، پرتگال میں کرفیو نافذ

نیویارک(سی این پی)دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلا ئوتاحال تھم نہ سکا اور امریکا میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1 لاکھ 24 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔امریکی ریاست ٹیکساس 10 لاکھ سے زائد کیسز والی پہلی امریکی ریاست بن گئی جب کہ امریکا کی 41 ریاستوں میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پرتگال کے وزیراعظم انتونیو کوسٹا نے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لیے پیر سے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔وزیراعظم پرتگال انتونیو کوسٹا کے مطابق پیر سے دو ہفتے کے لیے کرفیو نافذ کیا جا رہا ہے، سخت لاک ڈائون سے بچنے کے لیے کرفیو کا نفاذ ضروری ہے، کورونا کا پھیلائو روکنے کا واحد راستہ سماجی رابطوں سے گریز ہے۔خیال رہے کہ پرتگال میں اکتوبر سے روزانہ تقریبا 6 ہزار کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔بھارتی وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں کورونا کے 45 ہزار 674 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 559 اموات رپورٹ ہوئیں۔بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 85 لاکھ ہو گئی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 5 کروڑ 2 لاکھ 56 ہزار 532 ہو گئی ہے جب کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات 12 لاکھ 56 ہزار 148 ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 3 کروڑ 55 لاکھ47 ہزار 30 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں