کورونا کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے،ڈاکٹر عطا الرحمان

اسلام آباد(سی این پی)کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے۔تفصیلات کے مطابق سربراہ ٹاسک فورس کووڈ 19 ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا کہ کووڈ 19 کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے، ابھی ویکسین کا اپروول نہیں ہوا جس میں 2 ماہ لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کو منفی 80 ڈگری پر رکھنا ہوگا اور پاکستان سمیت تیسری دنیا میں منفی 80 ڈگری پر ٹرانسپورٹیشن موجود نہیں جب کہ ویکسین کا اثر کتنی دیر قائم رہے گا، دو ماہ یا تین ماہ یہ بھی پتا نہیں۔ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری اور قیمت یہ بھی ایک مسئلہ ہے البتہ چینی کمپنی نے بھی ویکسین تیار کی ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی ویکسین کے کلینیکل تجربات کامیاب ہوچکے ہیں اور اسے منفی 80 ڈگری ٹرانسپورٹیشن کی بھی ضرورت نہیں لہذا چینی کمپنی کی ویکسین پاکستان کے لیے بہتر ہے اور کمپنی نے کامیابی پر زیادہ شور شرابا نہیں کیا۔واضح رہے کہ امریکی دوا ساز ادارے کے بعد روس نے بھی کورونا کی موثر ویکسین بنانے کا دعوی کیا ہے اور روسی وزارت صحت کے زیر انتظام ایک تحقیقی ادارے کے ڈائریکٹر اوسکانا ڈراپکینا نے کہا ہے کہ ‘اسپوٹنک V’ ویکسین کورونا کے خلاف 90 فیصد سے زائدموثر ثابت ہوئی ہے۔اوسکانا ڈراپکینا کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین کی آزمائش کے نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہیں، یہ اچھی خبر ہے کہ اس کے نتائج 90 فیصد سے زائد مثبت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں