پولیو کیس،سندھ میں تعداد 7،خیبرپختونخوا میں 52 ہوگئی

کراچی /پشاور(سی این پی)جامشورو میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آگیا، ڈھائی سالہ بچے جمشید میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی پولیو کے 2 نئے کیس سامنے آگئے ہیں۔ڈی جی محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ جامشورو کے علاقے کوٹری میں پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ خورشید کالونی میں ڈھائی سال کا جمشید پولیو وائرس کا شکار ہوا۔ رواں سال اب تک سندھ میں پولیو کیس کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ادھر خیبر پختونخوا میں پولیو کے 2 نئے کیس سامنے آگئے ہیں۔ پولیو کیسز ضلع لکی مروت کے علاقہ زندی فلک شیراور بنوں کے علاقہ زولول خیل سے رپورٹ ہوئے۔لکی مروت میں اڑھائی سالہ بچی اور بنوں میں 2 سالہ بچی پولیو سے متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ بچیوں کو حفاظتی قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے کوارڈینیٹر عبدالباسط نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ بچیوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے نہیں پلائے گئے تھے اور ان کے فضلہ کے نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کے دوران خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 52 ہوگئی ہے جس کی اہم وجہ والدین کا بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے سے انکار ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے،والدین گمراہ کن پروپیگنڈا پر کان نہ دھریں، تمام ترچیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت پولیو کے مکمل خاتمہ کے لیے پرعزم ہے۔اب تک خیبر پختونخوا میں پولیو متاثرہ بچوں میں 23 کا تعلق ضلع بنوں، 8 کا شمالی وزیرستان اور 7 کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔ملکی سطح پر پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 69 ہوگئی ہے جن میں خیبر پختونخوا کے 52 ، صوبہ سندھ کے 7 ، صوبہ پنجاب کے 5 اور صوبہ بلوچستان کے 5 بچے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں