عمران خان کو اپنے اراکین پر اعتماد نہیں، اس لئے شو آف ہینڈ پر زور دے رہے ہیں،سراج الحق

حیدر آباد(سی این پی)سراج الحق کا کہنا ہے کہ شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے، عمران خان کو اپنے اراکین پر اعتماد نہیں، انہیں یقین ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہیں ملیں گے، یہی وجہ ہے وہ شو آف ہینڈ پر زور دے رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ کے الیکشن شیڈول کے مطابق مارچ میں ہونے چاہئیں، اگر حکومت کو جلدی ہے تو تجویز دوں گا کہ سینٹ کے الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کرے، ہم چاہتے ہیں سینٹ کے الیکشن متناسب نمائندگی کی بنیاد پر ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سینٹ کے الیکشن قبل ازوقت کرانا چاہتی ہے تو قومی اسمبلی کے الیکشن بھی قبل ازوقت کروائے، کیونکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے الیکشن کی بھی مدت ہوتی ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے 950 دن ملک کو دلدل میں ڈالا ہے، اگر جمہوریت پر اعتماد کو بحال کرنا ہے تو الیکشن کو شفاف بنانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں