افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے افغان طالبان وفد سے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں تنازعات کاکوئی فوجی حل نہیں ہے، امید ہے تمام اسٹیک ہولڈرز مذاکرات عمل کومثبت اندازمیں لیکر چلیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان وفدکی ملاقات ہوئی ، طالبان وفدکی قیادت ملاعبدالغنی برادرنے کی ، ملاقات میں افغانستان امن عمل میں پیش رفت پرتبادلہ خیال کیا گیا اور افغانستان تنازع کے سیاسی حل کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت پربھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں تنازعات کاکوئی فوجی حل نہیں ہے، انٹراافغان مذاکرات افغان رہنمائوں کی زیر قیادت ہی ہونے چاہئیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مذاکرات خطے میں پائیدارامن،استحکام کیلئے ایک تاریخی موقع ہے، امیدہے افغان اسٹیک ہولڈرز مذاکرات میں پیشرفت کیلئے مثبت کردارادا کرتے رہیں گی۔وزیراعظم نے وسیع البنیاد اورجامع سیاسی تصفیے کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت کااعادہ کرتے ہوئے امن عمل خراب کرنیوالوں کے کردارسے محتاط رہنے کی ضرورت پرزوردیا اور کہا افغان امن عمل کوپٹڑی سے اتارنے کی کوششیں جاری ہیں۔عمران خان نے افغانستان میں بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے پرتشدد کارروائیوں میں کمی اور جنگ بندی پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان سمیت پورے خطے کی معاشی ترقی کیلئے امن ضروری ہے وفد کایہ دورہ امن عمل کوآسان بنانے کی کوششوں کاایک حصہ ہے۔ملاقات میں عمران خان نے جنگ بندی کے نتیجے میں پر تشدد کارروائیوں میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا افغان امن عمل کافائدہ پورے خطے کو ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں