ایل این جی ریفرنس، غیر ملکی کنسلٹنٹس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی(سی این پی)ایل این جی ریفرنس میں دو غیر ملکی کنسلٹنٹس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت راولپنڈی میں ہوئی۔نیب تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے سمن اور قابل ضمانت وارنٹس کی تعمیلی رپورٹ پیش کی گئی۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کے سمن اور قابل ضمانت وارنٹس ہائی کمیشن کے ذریعے برطانیہ بھیجے تھے، ملزمان سمن اور وارنٹس ملنے کے باوجود پیش نہیں ہو رہے۔احتساب عدالت نے سمن کے باوجود پیش نہ ہونے پر غیر ملکی کنسلٹنٹس فلپ ناٹمین اور شنا صادق کے ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کر دیے۔ (نیب)نے فلپ ناٹمین اور شنا صادق کو شاہد خاقان عباسی کا شریک ملزم نامزد کیا تھا۔شنا صادق اور فلپ ناٹمین پر بطور کنسلٹنٹ بدنیتی پر مبنی رائے دینے کا الزام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں