دورہ سندھ، مریم نواز نے بلاول بھٹو کی دعوت قبول کرلی

لاہور(سی این پی) نائب صدر مسلم لیگ(ن)مریم نواز نے بے نظیر بھٹو کی برسی سے متعلق بلاول بھٹو کی دعوت قبول کرلی ہے۔ذرائع ن لیگ کے مطابق مریم نواز بلاول بھٹو کی دعوت پربینظیربھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گی، مسلم لیگ(ن)سندھ نے مریم نواز کے دورہ سندھ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز چھبیس دسمبر کو سکھر پہنچیں گی، جہاں وہ ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی۔ستائیس دسمبر کو نائب صدر مسلم لیگ (ن)مریم نواز لاڑکانہ جائیں گی، جہاں وہ بلاول بھٹو کی دعوت پربینظیربھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گی۔واضح رہے کہ گیارہ دسمبر کو بلاول بھٹو اور مریم نواز کے درمیان جاتی امرا میں اہم ملاقات ہوئی، جہاں بلاول بھٹو نے مریم نواز سے ان کی دادی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کی، بلاول بھٹو نے مرحومہ بیگم شمیم اختر کے درجات بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ملاقات میں بلاول بھٹو نے مریم نواز کو بے نظیربھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے کی دعوت بھی دی۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف ، قمرزمان کائرہ موجود تھے جبکہ ن لیگ کی جانب سے احسن اقبال، رانا ثنااللہ، پرویز رشید، محمد زبیر اور مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں