فروس جمال کی تنقیدکے جواب میں عمران اشرف نے مداحوں کو برانہ منانے کی درخواست کردی

کراچی (سی این پی)کچھ عرصہ قبل پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے سینیئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے اداکارہ ماہرہ خان کو تقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اب عمران اشرف پر تنقید کے نشتر برسا دیے،ایک تنازع کی گرد بیٹھی ہی تھی کہ فردوس جمال نے نجی چینل کے پروگرام میں ایک بار پھر نئے اداکاروں پر کڑی تنقید کتے ہوئے انہیں شوپیس کہہ ڈالا۔ ڈرامہ ’’رانجھا رانجھا کردی ‘‘ میں بھولے کا کردار ادا کرنے والے عمران اشرف کو ناظرین نے اس کردارمیں بےحد پسند کیا تھا لیکن فردوس جمال نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئےان کی اداکاری کو ڈھونگ اور پرانے اداکاروں کی پرفارمنس نہ دیکھنا بدقسمتی قرار دے دیا۔نئے اداکاروں سے متعلق سوال پر فردوس جمال کا کہناتھا کہ نوجوان اداکاروں میں پرفارمر تو کوئی نہیں، یہ سارے ماڈل اور شوپیس ہیں۔ ان کو یہ شعور نہیں آیا کہ اداکاری کوئی اور چیز ہے۔جس طرح ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے شوروم میں ڈمی ہوتی ہے اور وہ روز کبھی وگ بدل دیتا ہے، کبھی کپڑے بدل کرعورت یا مرد بنادیتا ہے تو اس وقت بدقسمتی سے ہمارے نوجوان اداکاروں کی بالکل وہی صورتحال ہے۔اس پر میزبان نے کہا کہ میں جس سے بھی ملتی ہوں وہ کہتا ہے کہ عمران اشرف جنہوں نے بھولا کا کردار ادا کیا اور اقراءعزیز کی اداکاری اچھی ہے۔ آپ کیا کہیں گے؟جواب میں فردوس جمال نے کہا کہ عمران اشرف نے بھولے کا جو کردارادا کیا ہے یہ ڈھونگ تھا لیکن بےساختگی نہیں تھی۔ اب میں آپ کو اداکاری کی زبان کا کیا بتاؤں؟عمران اشرف نے ایکٹ کیا لیکن بی ہیو نہیں کیا۔ اس سے پہلے یہ رول اور اداکاروں نے بھی کیا اور انہوں نے بی ہیو کرکے دکھایا اور اسے اچھا کیا ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ آپ لوگوں نے وہ پرفارمنس دیکھی ہی نہیں ہیں۔سوشل میڈیا پر بیشترصارفین نے فردوس جمال کے سخت تبصرے کے جواب میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمران اشرف کو بہترین اداکار قرار دیا۔عمران اشرف نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تنقید کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور فردوس جمال کو عظیم اداکار کہتے ہوئے مداحوں سے برا نہ منانے کی درخواست کی۔عمران اشرف نے لکھا ’’ وہ ( فردوس جمال ) ایک عظیم اداکار ہیں اوران کی رائے قابل احترام ہے۔ وہ ہماری انڈسٹری کے بڑے ہیں، یقیننا اگر فردوس صاحب یہ کردارادا کرتے تو مجھ سے ہزار گنا بہتر کرتے۔ میری سب سے گزارش ہے کہ کوئی سخت تبصرہ نہ کریں۔ جیسے گھرمیں بڑے ہوتے ہیں، ہمیں کچھ کہتے ہیں تو ہم برا نہیں مناتے، فردوس صاحب انڈسٹری کے بڑے ہیں۔ مجھے بالکل برا نہیں لگا، میں کوشش کروں گا کہ مزید سیکھوں‘‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں