قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ

اسلام آباد(سی این پی)قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق 21 جنوری سے ہو گا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 8.49 سے بڑھا کر 9.42 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 8.04 فیصد سے بڑھا کر 9 فیصد کر دیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 7.77 سے بڑھا کر 7.97 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 10.32 سے بڑھا کر 11.28 فیصد کر دیا گیا ہے، اسی طرح پنشنرز بینیفٹ اکائونٹس پر بھی شرح منافع 10.32 سے بڑھا کر11.28 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ شہدا فیملی ویلفیئر اکائونٹ پر بھی شرح منافع 10.32 سے بڑھا کر 11.28 فیصد کردیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس پر بھی شرح منافع بڑھا دیا گیا ہے اور 3 ماہ کی مدت کے لے شرح منافع 6.76 فیصد سے کر دیا گیا ہے جبکہ 6 ماہ کا شرح منافع 6.80 سے 6.82 فیصد مقرر کر دیا گیا ہے اور 12 ماہ کا شرح منافع 6.80 سے 6.92 فیصد کر دیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق سیونگ اکائونٹ پر شرح منافع 5.5 فیصد برقرار رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں