سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد(سی ین پی)وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا.اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد، وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر بحری امور علی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی ودیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔ا جلاس میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے ساتھ ساتھ معیشت کے دیگر اہم شعبہ جات میں دوست ملک چین سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔شرکاء سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کامظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ ان کا آئندہ چند روز میں چین کا دورہ اور چینی قیادت سے ملاقاتیں پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں ممدومعاون ثابت ہوں گی۔اجلاس میں وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل پے منٹ، بیٹری سٹوریج ریسرچ، زرعی آلات کی مینوفیکچرنگ، ڈرون ٹیکنالوجی، سولر سیل مینوفیکچرنگ اور نباتات و حیوانات سے متعلق ریسرچ کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور معیشت کے اہم شعبوں کی ترقی کے لئے پاک چین دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔ وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے اجلاس کو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت اور مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے سی پیک کے اہم منصوبے مین لائن -ون(ML-1) پر اب تک کی پیش رفت اور منصوبے کے ممکنہ ثمرات سے شرکاء کو آگاہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں