سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی کا موبائل فون ہیک کرلیا گیا

اسلام آباد(سی این پی)سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس قاضی فائز عیسی کا موبائل فون ہیک کرلیا گیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسی کے موبائل فون سے گمراہ کن پیغام رسانی ہوسکتی ہے، ان کے موبائل فون نمبر سے کسی بھی قسم کی پیغام رسانی جعلی اورغلط تصورکی جائے ۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان کے موبائل نمبرسے بھیجا گیا پیغام جسٹس قاضی فائزعیسی سے منسوب نہ کیا جائے کیونکہ ہیکرز جسٹس قاضی فائز عیسی کا موبائل نمبر مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے بعد سپریم کورٹ کی سینیارٹی لسٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسی تیسرے نمبر پر ہیں۔دوسری جانب رجسٹرارسپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائزعیسی کے فون ہیکنگ کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)واجد ضیا کو خط لکھا ہے۔ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے موبائل فون ہیکنگ معاملے کی تحقیقات کی جائے اور ہیکنگ کی وجوہات جاننے کیلئے ایف آئی اے کی ایک ٹیکنیکل ٹیم بنائے جائے۔رجسٹرارسپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے کی ٹیم جلد فون ہیکنگ معاملے کا اسٹیٹس بتائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں