وزیراعظم نے اپوزیشن کو اپنے استعفے کی مشروط پیشکش کردی

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو اپنے استعفے کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما لوٹا ہوا پیسہ واپس کردیں میں استعفی دینے کو تیار ہوں۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 31 جنوری بھی گزر گئی مگر اپوزیشن نے استعفے نہیں دیئے۔ استعفے دینے کیلئے ہمت چاہیے جو ان میں نہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان ملک کا لوٹا پیسہ واپس کریں تب استعفے کی بات کریں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میں وزیر اعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت بسوں کی آپریشنل پالیسی کی منظوری دے دی گئی۔وفاقی کابینہ نے انٹرنیشنل ایئر لائن کے لائسنس کی تجدید نو کا فیصلہ موخر کردیا۔ آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے کیلئے بھارت سے لاک پتھر درآمد کرنے کا معاملہ بھی موخر کردیا گیا۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے سی پیک کے26 جنوری کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔کابینہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانونی مقدمات کے 21 جنوری کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔اجلاس کے دوران اسلام آباد میں لاپتہ افراد سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ کابینہ اجلاس کو نیا پاکستان ہاسنگ اتھارٹی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں