انسداد منشیات کیس، رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

لاہور(سی این پی)لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے رانا ثنا اللہ کیخلاف کیس میں ن لیگی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کر دی۔ڈیوٹی جج خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی، رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد مکمل ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ اے این ایف کی طرف سے ڈپٹی چیف لیگل افیئرز کاشف مختار پیش ہوئے۔ عدالتی طلبی پر سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی اتھارٹی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ہم نے چیک کیا ہے مگر کچھ کیمروں میں ویڈیوز موجود ہیں۔ تقریبا 16 گھنٹوں کی ویڈیو موجود ہے مگر ہمیں گاڑیوں کے نمبرز نہیں پتہ، اگر عدالت حکم کرے گی تو ہم تمام ویڈیوز کا جائزہ لیکر عدالت کو تجزیاتی رپورٹ پیش کر دیں گے۔ عدالتی حکم کے مطابق تمام ویڈیوز محفوظ ہیں. جب عدالت حکم دے گی ہم متعلقہ ادارے کو ویڈیو دے دیں گے، پہلے کیمرے سے لیکر آخری کیمرے تک رانا ثنا اللہ کی گاڑی کی ویڈیو دے دی جائے.دوران سماعت رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ عدالت حکم دیدے ہم سیف سٹی اتھارٹی چلے جائیں گے۔ عدالت نے مقدمہ کے تفتیشی افسر اور ملزم کے وکیل کو کل 2 بجے گاڑیوں کی نشاندہی کروانے کا حکم دے دیا، عدالت نے تفتیشی افسر اور ملزم کے وکیل کو کل سیف سٹی ہیڈکوارٹرز قربان لائن پہنچنے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں