فنڈنگ کیس سے پارٹی محل بہہ جائیگا، پی ٹی آئی کے باغی کی پیشگوئی

کراچی(سی این پی) نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ غیرملکی فنڈنگ کیس سے پاکستان کی سیاست بدل سکتی ہے۔تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحریک انصاف بارہا غیرملکی فنڈنگ کیس میں پیشرفت خفیہ رکھنے کی کوشش کرتی رہی ہے، پی ٹی آئی کو خطرہ ہے کہ یہ معاملہ خفیہ نہ رکھا گیا تو غیرملکی فنڈنگ معاملہ میں بڑے پیمانے پر میگا کرپشن ،غیرقانونی ذرائع سے فنڈنگ آنے، بیرون ملک اکائونٹس کھولنے اور امریکا میں کمپنی رجسٹر کرنے سے متعلق حقائق عوام کے سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حقائق عوام کے سامنے آتے ہی پی ٹی آئی کا خود کو ایماندار اور دوسرے کو کرپٹ قرار دینے کا ریت کا محل بہہ جائے گا۔ اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے 23 اکائونٹس شناخت کیے ہیں اس میں بیشتر وہ اکائونٹس ہیں جو انہوں نے ظاہر نہیں کیے ہیں، روائس بینک لندن میں ان کے دو اکائونٹس ہیں، ان کے اپنے فنانس سیکرٹری نے ٹی وی پر آکر دو اکائونٹس کو تسلیم کیا ہے، ہم نے ڈنمارک اور آسٹریلیا میں انصاف کارپوریٹڈ کا ثبوت دے چکے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے امریکا میں دو کمپنیاں رجسٹرڈ کی ہیں، تحریک انصاف ان 23اکائونٹس کو مرکزی کیس سے الگ کرنا چاہتی ہے۔اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ ان اکائونٹس کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش ہونی چاہئیں، دعوے سے کہتا ہوں اس کی تفصیلات جان کر عوام کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے، اسکروٹنی کمیٹی ہمیں نہ بلانا چاہے تو نہ بلائے اس کے پاس ثبوت موجود ہیں رپورٹ پیش کرے جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن فیصلہ کرے، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن روزانہ سماعت کر کے غیرملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرے، غیرملکی فنڈنگ کیس سے پاکستان کی سیاست بدل سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں