سندھ میں کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل کے گریڈز پنجاب پولیس کے برابر کرنے کی منظوری

کراچی(سی این پی)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ پولیس کے کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کے گریڈز پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس سٹیشنز کو پیٹی کیش دینے اور خواجہ سرائوں کو کوٹہ دینے کا فیصلہ ہوا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، چیف سیکریٹری سندھ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہر پولیس سٹیشن کو 50 ہزار پیٹی کیش دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا پیسے خرچ ہوتے ہی مزید 50 ہزار دیئے جائیں۔وزیراعلی سندھ نے سندھ پولیس کے کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کے گریڈز پنجاب پولیس کے برابر کرنے کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ سندھ میں اے ایس آئی گریڈ 9 جبکہ پنجاب میں گریڈ 11 میں ہے، سندھ میں ہیڈ کانسٹیبل گریڈ بی ایس7 جبکہ پنجاب میں گریڈ 9 ہے۔ اجلاس میں سرکاری ملازمتوں میں 0.5 فیصد کوٹا ٹرانس جینڈر کو دینے کی تجویز دی گئی۔ خواجہ سرائوں کو ہر محکمے بشمول پولیس میں کوٹہ اور اوپن میرٹ پر ملازمتیں دی جائیں گی۔مراد علی شاہ نے ہائی وے پیٹرولنگ فورس بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلی سندھ نے پولیس میں باقائدہ سلیکشن سینٹر بنانے کی ہدایت کی جبکہ دو پولیس سٹیشن کو ضم کر کے ان کو ماڈل پولیس سٹیشن بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سندھ پولیس کے غازیوں کو ملازمت اور پیکج دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں