عرب اتحادیوں نے بھی جمال خاشقجی قتل کیس پر امریکی رپورٹ مسترد کر دی

کویت سٹی (سی این پی)سعودی عرب کے بعد اب عرب اتحادیوں نے بھی صحافی جمال خاشقجی سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کر دی ہے۔متحدہ عرب امارات، عمان، بحرین اور کویت نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی رپورٹ پر سعودی عرب کے موقف کی حمایت کی ہے۔عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں سعودی عدالت کے فیصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی چیز کو مسترد کرتا ہے جو سعودی عرب کی خود مختاری کے خلاف ہو۔ دوسری جانب کویت کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سعودی عرب کا خطے اور بین الاقوامی سطح پر تشدد اور انتہاپسندی کے خلاف اہم کردار ہے، جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سعودی موقف کی تائید کرتے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے پہلے سعودی وزارت خارجہ نے جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی انٹیلی جینس کی رپورٹ کو منفی اور غلط قرار دے کر رد کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں