انشا اللہ ہماری کوششوں سے پاکستان فلاحی ریاست بنے گا، وزیراعظم

لاہور(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور کہا کرائے کی رقم بینکوں کی قسطوں میں ادا کر کے گھرکے مالک بن سکتے ہیں، انشا اللہ ہماری کوششوں سے پاکستان فلاحی ریاست بنے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لاہورمیں 35ہزارا پارٹمنٹس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب اور حکومت پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، آج ہم جس جگہ پہنچے ہیں اس کی پیچھے کافی محنت ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ فورکلوژر قانون کی بدولت بینک فنانسنگ کرتا ہے، پاکستان میں مورگیج فنانسنگ نہ ہونے کے برابر تھی اور پاکستان میں مکان کیلئے بینکوں کا قرضہ دینے کارواج کم تھا، ایک سسٹم بن گیا تھا کہ رشوت دیں گے تو کام ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیٹس کو تبدیلیاں رکاوٹیں لے کر آتا ہے ، ہم نے پورے سسٹم کو خراب ہوتے ہوئے دیکھا ہے، سسٹم میں برائی اور کرپشن ہوتو سسٹم کو ٹھیک کرنے میں وقت لگتا ہے۔کنسٹرکشن سیکٹر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کنسٹرکشن سیکٹر اب آگے بڑھنا شروع ہوگیا ہے ، کنسٹرکشن انڈسٹری سے مزید 30 انڈسٹریاں جڑتی ہیں، دنیا میں کئی ملکوں نے اپنی سمت کو درست کیا ہے ، ایل ڈی اے نے اپنے نظام کو بہتر کیا ہے، ہم نے اس منزل تک پہنچنے کیلئے کئی مرحلے طے کئے ہیں اور عدلیہ کا شکریہ جن کی بدولت اقدامات کوعملی جامہ پہنانے میں مدد ملی۔عمران خان نے ملک میں قانون کی بالادستی سے متعلق کہا کہ بڑے بڑے سیاسی مافیا قانون کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں، ہم ملک میں قانون کی عملداری لارہے ہیں، برطانیہ میں کوئی یہ نہیں کہتا کہ میں قانون سے بالا ترہوں، یہاں بڑے سیاسی مافیاز قانون کی بالادستی کیخلاف مزاحمت کررہے ہیں، پاکستان میں آج قانون کی بالادستی کی جنگ چل رہی ہے، لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان ، کہاں ہے مدینہ کی ریاست۔نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرائے کی رقم بینکوں کی قسطوں میں ادا کر کے گھرکے مالک بن سکتے ہیں، نئے پاکستان کیلئے ماڈل مدینہ کی ریاست ہے، جون تک پورے پاکستان کا ڈیٹا ہمارے پاس ہوگا، ڈیٹا کے مطابق ہم غریب گھرانوں کو براہ راست سبسڈی دیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو پیسے دیئے، کسانوں کو کھاد کیلئے بھی براہ راست سبسڈی دیں گے ، ہماری کوششوں سے پاکستان فلاحی ریاست بننے جارہاہے، ملک میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہرشہرمیں رواں سال صحت انصاف کارڈ کی سہولت میسر ہوگی اور کوئی بھوکا نہ سوئے منصوبے کا آغاز اتوار کو کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں