پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس، بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کا شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا

کراچی(سی این پی) پی ڈی ایم میں دراڑیں مزید گہری ہونے لگیں۔ پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے شاہد خاقان عباسی کا جاری کردہ شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا۔ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس پھاڑنے پر اجلاس کے شرکا کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لئے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران آئی ایم ایف ڈیل، ملکی معیشت اور سٹیٹ بینک آرڈیننس پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔پیپلز پارٹی کے اہم اجلاس میں ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر سمیت دیگر اہم پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں