نیب کا نواز شریف کی تمام جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ

لاہور( سی این پی )قومی احتساب بیورو( نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اورسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی تمام جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کو عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا تھا ،ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے چار کمپنیوں میں شیئرز ہیں، نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکائونٹس شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم کے 5 بینک اکائونٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی والے اکائونٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پائونڈز موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق نیب نے عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیئے گئے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام ملک میں موجود تمام جائیدادیں نیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی جائے گی۔ نیب کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے 4 کمپنیوں میں شیئرز ہیں، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 ، حدیبیہ پیپر ملز میں 3 لاکھ 43 ہزار 425، حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں 22 ہزار 213 اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48 ہزار 606 شیئرز ہیں۔ نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکانٹس ہیں، ان کے 5 بینک اکانٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی والے اکائونٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پائونڈز موجود ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیاکہ ایل ڈی اے ، لاہور اور شیخو پورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، مری کے اسسٹنٹ کمشنر اورگلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادوں کے حوالے سے رپورٹ دی ہیں، جس کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ہے۔ لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال ،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال، شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروزوطن میں 88 کنال اراضی ہے۔ اس کے علاوہ مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد بھی ہے۔واضح رہے کہ نواز شریف کو احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں