عمران خان کے تمام دشمن شکست کھائیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد( سی این پی) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کے تمام دشمن شکست کھائیں گے،بعض لوگ اسلام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ بات چیت چل پڑی ہے ۔امید ہے کالعدم ٹی ایل پی سے تمام معاملات طے پا جائیں گے۔اسلام آباد میں مار گلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ بعض لوگ اسلام آباد کے لئے صرف اسلام کو استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ بات چیت چل پڑی ہے ، ٹی ایل پی کے لوگ مسجد رحمتہ اللعالمین میں جاچکے ہیں اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔پہلا دور بہتری سے مکمل ہوا ہے ، انہوں نے 11 یرغمالی پولیس افسران و اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے، 192 دھرنوں میں سے ایک دھرنا رہ گیا تھا اس میں بھی بہتری آگئی ہے۔ اللہ سے امید ہے ٹی ایل پی سے معاملات خوش اسلوبی سے طے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اسلام آباد کی طرف صرف ترسی ہوئی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اللہ نیتوں کا پھل دیتا ہے اور آپ کو نیتوں کا پھل دے رہا ہے۔ لوگ باتیں کرتے ہیں اور عمران خان سارے کام کرتے ہیں، آپ (عمران خان)اسلام کے لیے ہیں اور اسلام آباد آپ کو اللہ اور عوام نے دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان جتنا کام کرتے ہیں اتنا کسی نے نہیں کیا، ملک میں ٹانگ کھینچنے والوں کی کمی نہیں، وہ لوگ جن کے عقیدے نہیں ملتے وہ بہانے اور موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں، لیکن وہ نہیں جانتے جس کا نام عمران خان ہے اس نے شکست کھانا نہیں سیکھی۔کچھ لوگ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں، بعض لوگ اسلام آباد کے لئے صرف اسلام کو استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے، حکمرانی دیتا ہے اور چھین بھی لیتا ہے، بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ حکمرانی ہماری وجہ سے ہے۔ اللہ نے مجھے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا ہے، عمران خان کے ساتھ سیاست میں آیا ہوں اور ان کے ساتھ جائوں گا، مجھے پوری امید ہے کہ عمران خان کے تمام دشمن شکست کھائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں کالعدم ٹی ایل پی اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران کئی انسانی جانوں کے ضیاع کی اطلاعات ملی ہیں، واقعے پر آج ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں