کرک،ہندو سمادھی کی تعمیر نو، وقف املاک بورڈ کو 38 ملین روپے ادا کرنے کا حکم

اسلام آباد(سی این پی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے کرک میں ہندو سمادھی جلانے اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس میں ملک بھر میں مندر اور گوردواروں سے متعلق رپورٹ دوبارہ جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے کرک میں ہندو سمادھی جلانے سے متعلق 15 فروری کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملتان میں پر ہلاد مندر کی بحالی سے متعلق چیف سیکریٹری پنجاب کو آئندہ سماعت پر طلب کیا گیا ہے۔تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ چیف سیکریٹری پنجاب نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کرایا۔ چیف سیکریٹری پنجاب پرہلاد مندر کی بحالی سے متعلق 2 ہفتوں میں رپورٹ جمع کرائیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وقف املاک بورڈ کرک سمادھی کی از سر نو تعمیر کیلئے 38 ملین روپے پاکستان ہندو کونسل کو ادا کرے۔حکمنامہ میں کہا گیا کہ کرک سمادھی جلانے میں ملوث افراد کیخلاف فوجداری کارروائی مکمل کی جائے۔ کٹاس راج مندر کا انتظام پنجاب حکومت سے وقف املاک بورڈ کو واپس دیا جائے۔ اس حوالے سے وقف املاک بورڈ کے چیئرمین آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب سے متعلق وزارت تعلیم کی رپورٹ واپس کی جاتی ہے ۔ حکم نامہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی سیکریٹری تعلیم آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں