ٹی ایل پی اور حکومت کا مقصد اور مطالبہ ایک ہی ہے، صرف طریقہ کار پر اختلاف ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد کا متن پیش کیا گیا، عمران خان نے کہا ٹی ایل پی اور حکومت کا مقصد اور مطالبہ ایک ہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا، جس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے اراکین شریک ہوئے۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد کا متن پیش کیا گیا اور قرار داد کا متن تمام ارکان کےسامنے پڑھ کر سنایا گیا ۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی سفیر ملک بدر کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے رائے لی گئی ہے ، فرانسیسی سفیر کو کیوں نہ ملک بدر کیاجائے۔قرارداد میں مذہبی معاملات پر احتجاج کیلئے ملک کے مختلف مقامات پر جگہ فراہم کرنے کی بھی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سڑکوں کی بندش کے بجائے احتجاج کیلئے مخصوص مقامات کا تعین کیاجائے۔وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ٹی ایل پی اور حکومت کا مقصد اور مطالبہ ایک ہی ہے، اپنے خطاب میں صورتحال واضح کرچکا ہوں صرف طریقہ کار پر اختلاف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں