جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنماؤں نے رابطے مزید تیز کر دیئے

لاہور(سی این پی) ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بعد گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ چودھری سرور نے تحفظات دور کرنے یقینی دہانی کرائی جبکہ وزیراعظم سے ملاقات جلد کرانے میں کردار ادا کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے اہم ارکان نے وزیراعلیٰ کے بعد گورنر پنجاب سے بھی رابطے کئے ہیں۔ چودھری سرور بھی الجھے معاملات کو سلجھانے کے لئے پرعزم ہیں۔جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنماؤں نے گورنر چودھری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں ایم این اے راجہ ریاض، صوبائی وزرا اجمل چیمہ اور خیال احمد کاسترو سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔راجہ ریاض اور دیگر رہنماؤں نے گورنر پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ گورنر چودھری محمد سرورنے تحفظات دور کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔گورنر پنجاب نے وزیراعظم سے ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ مزید ارکان کی شمولیت کے لئے بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید 3 ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی نے جہانگیرترین سے یکجہتی کا اظہار کر دیا ہے۔ جھنگ سے پی ٹی آئی کے ایم این اے صاحبزاده محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور ان کی حمایت کا اعلان کیا۔دونوں ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ مل کر پارٹی کے اندر سے جاری سازش کا مقابلہ کریں گے۔ راولپنڈی سے تحریک انصاف کے ایم پی اے عمر تنویر بٹ کی بھی جہانگیر ترین کے ساتھ اہم بیٹھک ہوئی۔ عمر تنویر بٹ نے جہانگیر ترین کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں