بشیر میمن کے انکشافات نے نیب نیازی گٹھ جوڑ سے متعلق میرے مؤقف کی تائید کی،شہباز شریف

لاہور(سی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے سابق سربراہ بشیر میمن کے انکشافات نے نیب نیازی گٹھ جوڑ سے متعلق میرے مؤقف کی تصدیق کی ہے۔سابق ڈی جی ایف آئی اے کے گزشتہ روز نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے شہباز شریف کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ بشیر میمن کے ہوشربا انکشافات نے میرے مؤقف کی تصدیق کر دی ہے، بہت پہلے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ قائم ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ گٹھ جوڑ بے بنیاد مقدمات بنانے اور قائدین کو جیل بھجوانے کے لیے سرگرم ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کی حقیقت اور احتساب کے نام پر ڈھونگ بے نقاب ہو گیا ہے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بشیر میمن کے عمران نیازی سے متعلق انکشافات شرمناک، افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، بشیر میمن کے انکشافات کی تحقیقات ہونی چاہئیں، ملوث کرداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ ہے غداری، دانستہ طور پر اپنے ہی ملک کو افراتفری اور انتشار کا شکار کرنا۔خیال رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم بشیر میمن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں