واسا کے شعبہ سینی ٹیشن کی ”ڈنگ ٹپاؤ”پالیسی ،عوام پریشان

راولپنڈی ( سی این پی )واسا کے شعبہ سینی ٹیشن کی مسلسل غفلت اور ”ڈنگ ٹپاؤ”پالیسی کے باعث کمرشل مارکیٹ ،ڈی اور بی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن میں جابجا واقع سیوریج لائینیں بند ہونے کی وجہ سے گٹروں کا گندہ پانی گذشتہ 20,20 دن سے گھروں میں جمع ہے ۔واسا کے شعبہ شکایات واقع فائر بریگیڈسیٹلائٹ ٹاؤن میں شہریوں کی طرف سے باربار شکایت درج کرانے کے باوجود کئی کئی دن گٹروں کو کھولنے کی زحمت گوارا نہیں کی جاتی ۔واسا کا عملہ محض ٹوٹل پورا کرنے بعد مذکورہ سیوریج لائنوں کا چکر لگاتا ہے اور حیلے بہانوں سے کئی کئی دن گٹر کھولنے کی تدبیر نہیں کرتا ۔بعض جگہوں پر عارضی طور پر گٹر کھول دئیے جاتے ہیں جو دوسرے دن پھر بندہوجاتے ہیں ۔گٹر بند ہونے کی وجہ سے گھروں کے اندر کھڑے کئی کئی فٹ پانی میں مچھروں کی افزائش سے ڈینگی پھیلنے کا بھی شدید خطرہ ہے ۔اس کے باوجودواسا کا عملہ ء صفائی ٹس سے مس نہیں ہوتا ۔پیدا شدہ صورت حال پر شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیر بلدیات ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ، ایم ڈی واسا ہارون ہاشمی و دیگر حکام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے اور کہا ہے کہ یوں تو ساری کمرشل مارکیٹ کے چاروں اطراف اور ”بی” و” ڈی” بلاک کی لنک روڈ ز پر بیشتر گٹر بند پڑے رہتے ہیں ۔اور ان سے نکلنے والا گندہ پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے ۔بدبو اور تعفن سے شہریوں کا سانس تک لینا محال ہے ۔ڈینگی کے چکرمیں شہریوں کو تو بھاری جرمانے کئے جاتے ہیں لیکن ڈینگی کا سبب بننے والے واسا کے عملے کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جاتا ۔عملہ جان بوجھ کر گٹروں کی صفائی میں لیت و لعل سے کام لیتا ہے ۔شہریوں نے 5thروڈ پر کرسٹل مال کی بیک گلی اور لنک روڈ پو واقع بیوٹی پارلر کے سامنے کئی ہفتوں سے بند گٹر کو کھلوانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں