فائرنگ اسکواڈ کی دستیابی تک 2 قیدیوں کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کا حکم

کیرولائنا(سی این پی)امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کی اعلیٰ عدالت نے فائرنگ اسکواڈ کی دستیابی تک 2 مجرموں کی سزائے موت روکنے کا حکم دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق نئے ریاستی قانون کے تحت اگر جیل انتظامیہ کے پاس زہریلا انجیکشن دستیاب نہیں تو سزائے موت کے قیدیوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی موت کے لیے فائرنگ اسکواڈ یا بجلی کی کرسی کا انتخاب کریں۔رپورٹس کے مطابق سزائے موت کے 2 قیدیوں ‘جنہیں رواں ماہ سزائے موت دی جانی تھی’نے اسی قانون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زہریلے انجیکشن کا انتخاب کیا جو کہ انتظامیہ کے پاس مطلوبہ مقدار میں نہیں ہے کیونکہ گذشتہ 10 سال سے زہریلی دوا کی عدم دستیابی کے باعث سزائے موت کا یہ طریقہ معطل تھا اور ریاست میں کسی سزائے موت پر عمل نہیں کیا جاسکا جب کہ انتظامیہ کے پاس اس وقت سزائے موت کے لیے فائرنگ اسکواڈ بھی موجود نہیں۔گذشتہ ماہ ہی ریاستی اسمبلی میں منظور ہونے والے قانون میں زہر کے انجیکشن کی عدم دستیابی پر بجلی کی کرسی کو سرکاری طور پر منتخب کیا گیا ہے اور قیدی کو بجلی کی کرسی کی بجائے فائرنگ اسکواڈ کے سامنے کھڑے ہونے کا آپشن دیا گیا ہے، اگر قیدی کسی طریقے کا انتخاب نہیں کرتا ہے تو اسے بجلی کی کرسی پر بٹھا کر سزا دی جاسکے گی۔اس کیس میں زہریلا انجیکشن اور فائرنگ اسکواڈ نہ ہونے کے باعث انتظامیہ کے پاس بجلی کی کرسی کا طریقہ ہی بچتا تھا تاہم دونوں مجرموں کے وکیل نے جنوبی کیرولائنا کی سپریم کورٹ میں اسے چیلنج کردیا۔ وکیل کا موقف تھا کہ اس کے موکلوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ سزائے موت کے لیے اپنی مرضی کے طریقہ کار کا انتخاب کرسکیں۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ دونوں قیدیوں کی سزا پر اس وقت تک عمل درآمد نہ کیا جائے جب تک ریاستی اتنظامیہ قواعد کے مطابق فائرنگ اسکواڈ کا انتظام نہیں کرلیتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں