کیپٹل سمارٹ سٹی نے تشہیری مہم میں عوام کو گمراہ کرنا شروع کردیا ،آرڈی اے ذمہ داران کی جانبدارانہ پالیسیوں کا انکشاف

فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی نے توسیعی اجازت نامہ (این او سی ) اور آرڈی اے کی ویب سائٹ کو بنیاد بنا کرنہ صرف توسیعی اراضی 17602کنال اراضی پر کام شروع کر رکھا ہے بلکہ پلاٹوں کی فروخت کرکے ڈائون پے منٹ کی مد میں عوام سے اربوں روپے بٹور کر انہیں فائلیں تھما دی ہیں

مارکیٹ میں یہ بات زبان زد عام ہے کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کیپٹل سمارٹ سٹی کو توسیع کی اجازت دے رکھی ہے این او سی حاصل کرنے والی سوسائٹیوں کی فہرست میں کیپٹل سمارٹ سٹی شامل ،نظرثانی شدہ منصوبہ بندی کی اجازت بھی مل چکی، 17602کنال اراضی کو ہموار کرنے کا کام جاری ہے ،مارکیٹنگ ذمہ دار

کیپٹل سمارٹ سٹی کے توسیعی منصوبے پر جاری کام بند کروایا جائیگا،پلاٹوں کی غیرقانونی فروخت کے خلاف ایکشن لیں گے،7505کنال رقبہ منظور شدہ باقی غیر قانونی ،ویب سائٹ پردرج غلط معلومات اور عوام الناس کو گمراہ کرنے کے سوال پر ترجمان آرڈی اے حافظ عرفان نے” میں نہ مانوں “کا راگ الاپنا شروع کر دیا

کیپٹل سمارٹ سٹی نے پہلا این او سی 2017میں 2000کنال کا حاصل کیا تھا، اسکے بعد دوسرا این او سی 2019میں 7505کنال اراضی کا حاصل کیا تھا اس وقت 17602کنال اراضی کی توسیع کی درخواست دے رکھی ہے ،منصوبے کی توسیع کی آرڈی اے سے منظوری نہیں ہوئی ہے، تصور حسین لینڈ ڈیمارٹمنٹ کیپٹل سمارٹ سٹی

راولپنڈی (اشفاق خان مغل )فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی نے توسیعی منصوبے کے حوالے سے آر ڈی اے کی ملی بھگت سے عوام کو گمراہ کرکے مال بٹورنا شروع کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی جو کہ نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کا ریگولیٹر ادارہ ہے کے ذمہ داران کی جانبدارانہ پالیسیوں کا انکشاف ،آرڈی اے کے افسران نے اپنی ذمہ دارایاں پوری کرنے کی بجائے نجی سوسائٹیوں کی سہولت کاری کو اپنے فرائض منصبی میں شامل کر لیا ہے ۔ فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی نے توسیعی منصوبے کے حوالے سے جہاں تشہیری مہم میں عوام کو گمراہ کرکے یہ تاثر دینا شروع کر رکھا ہے کہ انہیں 17602کنال توسیعی منصوبے کی راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اجازت دے رکھی ہے ۔توسیعی اجازت نامہ (این او سی ) اور آرڈی اے کی ویب سائٹ کو بنیاد بنا کر فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی نے نہ صرف توسیعی اراضی 17602کنال اراضی پر کام شروع کر رکھا ہے بلکہ اسکی فروخت بھی دھڑلے سے جاری ہے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی نے توسیعی منصوبے میں پلاٹوں کی فروخت کرکے اربوں روپے ڈائون پیمنٹ کی مد میں عوام سے بٹور کر انہیں فائلیں تھما دی ہیں ۔اس حوالے سے مارکیٹنگ کمپنی کے ایک ذمہ دار نے جو کہ فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کے پلاٹس کی خرید و فروخت کررہا ہے نے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پر بتایا کہ مارکیٹ میں یہ بات زبان زد عام ہے کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کو توسیع کی اجازت دے رکھی ہے ۔جسکی تفصیل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آرڈی اے ) کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہے ۔این او سی حاصل کرنے والی سوسائٹیوں کی فہرست میں جہاں کیپٹل سمارٹ سٹی شامل ہے وہیںانہیں نظرثانی شدہ منصوبہ بندی کی اجازت بھی مل چکی ہے اور 17602کنال اراضی کو ہموار کرنے کا کام کیپٹل سمارٹ سٹی نے شروع کر رکھا ہے ۔پلاٹوں کی فروخت کے بابت سوال کے جواب میں مارکیٹنگ کمپنی کے ذمہ دارکا کہنا تھا کہ توسیعی منصوبے کی فروخت کا کام جاری ہے آمدہ ماہ کے شروع میں وفاقی دارالحکومت میں اسلام آبادچیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ICCI Pakistan Property Expo 2021(آئی سی سی آئی پاکستان پراپرٹی ایکسپو دوہزار اکیس )پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں 6اگست سے 8اگست تک منعقد ہونے جا رہی ہے ۔جس میں ہائوسنگ سیکٹر سے منسلک افراد نے بڑے پیمانے پر سٹالز کی بکنگ کر رکھی ہے ۔کیپٹل سمارٹ سٹی کی انتظامیہ بھی اپنے توسیعی منصوبے کی فروخت کیلئے وہاں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔نجی سوسائٹی کے پلاٹ کی فروخت کے بعد کی ذمہ داری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ افراد کا کام صرف منصوبے کی فروخت ہے ،تشہیر میں بتائی جانے والی سہولیات اور آسائشیں فراہم کرنا تو ڈویلپر کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کا کام پلاٹ اور اس سے منسلک سہولیات کی فراہمی ہر گز نہیں ہے۔فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کی توسیع کے اجازت نامے کے حوالے سے جب ترجمان راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی حافظ عرفان سے رابطہ کیا گیا توانکا کہنا تھا کہ فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کو صرف 7505کنال اراضی کا این اوسی دیا گیا ہے ۔توسیعی منصوبے17602کنال کیلئے فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز نے درخواست دے رکھی ہے مگر تا حال انہیں منظوری نہیں دی گئی ہے ۔17602کنال اراضی پر جاری کام اور پلاٹوں کی فروخت کے حوالے سے سوال کے جواب میں ترجمان آرڈی اے کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے آگاہ ہیں جلد فیوچر ڈویلپمنٹ ہو لڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کے توسیعی منصوبے پر جاری کام رکوانے اور پلاٹوں کی غیرقانونی فروخت کے خلاف ایکشن لیا جائے گاکیپٹل سمارٹ سٹی کا 7505کنال رقبہ منظور ہے باقی تمام غیر قانونی ہے ۔ویب سائٹ پر درج غلط معلومات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ وہاں بھی یہی معلومات دی ہوئی ہیں جو وہ دے رہے ہیںکہ انہوں نے توسیع کیلئے درخواست دے رکھی ہے جو منظور نہیں ہوئی ہے ۔جب انہیں یہ بتایا گیا کہ آرڈی اے کی ویب سائٹ کے مطابق کیپٹل سمارٹ سٹی کو 17602کنال کی منظوری دی جا چکی ہے ادارے کی ویب سائٹ پر غلط معلومات درج ہیں جنہیں بنیاد بنا کر کیپٹل سمارٹ سٹی کی مارکیٹنگ ٹیم اور انتظامیہ عوام الناس کو گمراہ کررہی ہے تو انہوں نے میں نہ مانوں کا راگ الاپنا شروع کر دیااور اپنی بات پر ہی ڈٹے رہے ۔جب ان سے استفسار کیا گیا کہ آرڈی اے حکام کیپٹل سمارٹ سٹی کو فائدہ پہنچانے کیلئے ویب سائٹ پر غلط معلومات فراہم کررہے ہیں اور اگر یہ معلومات غلطی سے اپ لوڈ ہو چکی ہیں تو انکی درستگی کیوں نہیں کی جا رہی ہے تو ترجمان راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی حافظ عرفان کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں تھا اور وہ زبانی کلامی اس بات پر ڈٹے رہے کہ فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کا 7505کنال رقبہ منظور ہے باقی تمام غیر قانونی ہے اور بہت جلد انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔دوسری جانب فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار تصور حسین سے موقف جاننے کیلئے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا توان کا کہنا تھا کہ کیپٹل سمارٹ سٹی نے پہلا این او سی 2017میں 2000کنال کا حاصل کیا تھا اور اسکے بعد دوسرا این او سی 2019میں 7505کنال اراضی کا حاصل کیا تھا اس وقت 17602کنال اراضی کی توسیع کی درخواست دے رکھی ہے جو تا حال راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آرڈی اے )سے منظور نہیں ہوئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں