خواتین جو مرضی پہنیں، پردہ مردوں کیلئے بھی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خواتین جو مرضی پہنیں، جو شخص زیادتی کرتا ہے وہی اس کاذمہ دار ہے۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خواتین کے لباس سے متعلق میرے گزشتہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ انہوں نے پردے کا لفظ استعمال کیا، پردے کا مطلب صرف لباس نہیں، پردہ صرف خواتین کے لیے نہیں مردوں کے لیے بھی ہے، خواتین جو مرضی پہنیں، جو شخص زیادتی کرتا ہے وہی ذمہ دار ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی معاشرے میں جنسی جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، صرف خواتین ہی نہیں بچے بھی جنسی جرائم کا شکار ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جنسی زیادتی کے واقعات کا مغرب سے موازنہ کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں جنسی زیادتی کے واقعات مغرب کے مقابلے میں کم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں